پاکستان اور روس کا تجارتی و اقتصادی تعاون، علاقائی روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور

Published On 19 September,2024 08:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر آصف علی زرداری سے روس کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچوک نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون، علاقائی روابط بڑھانے کی ضرورت پرزور دیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور روس نے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا، دونوں ممالک نے زراعت، تحفظِ خوراک ، کاروبار، تعلیم، ریلوے، سائنس اور ٹیکنالوجی ،عوامی روابط جیسے اہم شعبوں میں باہمی سودمند تعاون فروغ دینے پر زور دیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور روس کے مابین روابط بڑھانے، بارٹر ٹریڈ پر غور کرنے کی ضرورت ہے ، دونوں ممالک کے عوام اور کاروباری اداروں کے مابین روابط بڑھانا ہوں گے، ویزا قواعد میں نرمی، ریلوے اور براہ راست پروازوں سے پاک روس روابط بڑھائے جا سکتے ہیں۔

ملاقات میں زراعت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی، زرعی شعبے میں پاکستان اور روس کے مابین مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں، تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے پاکستان کا 75 رکنی تجارتی وفد اکتوبر میں روس کا دورہ کرے گا۔

اس موقع پر روسی نائب وزیر اعظم نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ غذائی تحفظ، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، روابط اور ریلوے کے شعبوں میں تعاون بہتر بنانے کا خواہاں ہے، اکتوبر میں روسی وزیراعظم کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

روسی نائب وزیر اعظم نے کہا کہ روس تمام مذاہب اور مسلم ثقافت کا بے پناہ احترام کرتا ہے، روس نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کی۔