اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہے، سمندری آلودگی پاکستان کے لیے باعثِ تشویش امر ہے ، سمندری آلودگی سے آبی حیات متاثر ہو رہی ہیں۔
صدر آصف علی زرداری سے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے سیکرٹری جنرل نے ملاقات کی، ملاقات میں صدر مملکت نے سمندری ماحولیاتی نظام، ساحلی علاقوں کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ سمندری آلودگی سے ماہی گیری کے شعبے کی نمو میں کمی ہو رہی ہے، بلیو اکانومی پر توجہ دینا پاکستان کی ترقیاتی حکمت عملی کا اہم جزو ہے ، پاکستان ماہی گیری ، شپ بریکنگ کے شعبوں کو جدید بنانے کا خواہاں ہے۔
صدرمملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات کر رہا ہے، پاکستان سمندری ماحولیاتی نظام کی بہتری کیلئے آئی ایم او کی معاونت کا خیرمقدم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 10 لاکھ سے زائد ایکڑ پر مینگرووز لگائے، عالمی مارکیٹ میں کاربن کریڈٹ فروخت کیے، مزید 20 لاکھ ایکڑ اراضی پر مینگرووز لگانے کے منصوبے جاری ہیں۔
اس موقع پر صدر مملکت نے آئی ایم او کے ضوابط اور معیارات پر عمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان آئی ایم او کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔
سیکرٹری جنرل آئی ایم او نے کہا کہ پاکستان کے بحری شعبے میں بڑی صلاحیت موجود ہے، پائیدار اور مؤثر بحری انڈسٹری کے فروغ میں پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے مؤثر ریگولیٹری فریم ورک کا مشن آگے بڑھانے کیلئے سیکرٹری جنرل کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔