دنیا کی سپرپاور امریکا پر حکمرانی کرنے والے صدور

Published On 22 October,2024 06:51 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) دنیا کی سپرپاور کہلائے جانے والے ملک امریکا میں ان دنوں نئے صدر کے انتخاب کی تیاریاں عروج پر ہیں، جتنی ہی طویل اس ملک کی سیاسی تاریخ ہے ،یہاں حکمرانی کرنے والے صدور کی فہرست بھی اتنی ہی طویل ہے۔

امریکا کا دنیا کی سیاست اور معیشت میں گہرا اثر دیکھا جاتا ہے، امریکا میں اب تک 46 مرد سربراہان حکومت کر چکے ہیں، جو امریکا اور عالمی تاریخ میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

جارج واشنگٹن

امریکا کے پہلے صدر جارج واشنگٹن تھے، جارج واشنگٹن سال 1789 سے 1797 تک امریکی صدر کی کرسی پر براجمان رہے، جارج واشنگٹن نے وفاقی حکومت کے بنیادی ڈھانچے کی تشکیل کی اور غیر جانبدار خارجہ پالیسی اختیار کی اور دو بار صدر منتخب ہوئے۔

جان ایڈمز

جان ایڈمز امریکا کے دوسرے صدر تھے، ان کا دور صدارت 1797 سے 1801 تک رہا، ایڈمز کی صدارت کے دوران فرانس کے ساتھ تعلقات میں تناؤ بڑھ گیا، ایڈمز نے جنگ کی بجائے مذاکرات کو ترجیح دی، جس کی وجہ سے وہ جنگ سے بچ گئے۔

تھامس جیفرسن

امریکا کے تیسرے صدر تھامس جیفرسن تھے جو1801 سے 1809 تک صدر رہے، انہوں نے ریاست لوئزیانا خرید کر امریکا کی سرحدیں بڑھائیں اور امریکی آزادی کے اصولوں کو ترقی دی۔

ابراہم لنکن

ابراہم لنکن امریکا کے 16ویں صدر تھے جو1861 سے 1865 تک صدارتی منصب پر فائز رہے، انہوں نے خانہ جنگی کے دوران ملک کو متحد رکھا اور غلامی کے خاتمے کیلئے13 ویں ترمیم کا نفاذ کیا۔

تھیوڈور روزویلٹ

تھیوڈور روزویلٹ امریکا کے 26 ویں صدر منتخب ہوئے، ان کا دور صدارت 1901 سے 1909 تک رہا، تھیوڈور روز ویلٹ امریکی تاریخ کے طاقتور صدور میں سے ایک ہیں، جنہوں نے ترقی پسند اصلاحات کی حمایت کی، انہوں نے قومی پارکس کے نظام کو فروغ دیا۔

فرینکلن ڈی روزویلٹ

فرینکلن ڈی روزویلٹ نے 1933 سے 1945 کے دوران امریکا کے 32 ویں صدر رہے ، فرینکلن نےگریٹ ڈیپریشن کے دوران ملک کو معاشی استحکام کی گامزن کیا۔

جان ایف کینیڈی

جان ایف کینیڈی سال 1961 سے 1963 امریکا کے 35 ویں صدر رہے، جان ایف کینیڈی جوانی اور جدت کی علامت تھ ، کینیڈی نے چاند پر انسان بھیجنے کا منصوبہ بنایا۔

جان ایف کینیڈی کے دور صدارت میں کیوبا کا میزائل بحران اور سماجی حقوق کی تحریک پروان چڑھی، ان کی زندگی کا خاتمہ ایک مہلک قتل پر ہوا، یہ معمہ 60 سال بعد بھی حل نہ ہو سکا۔

رونالڈ ریگن

رونالڈ ریگن امریکی تاریخ کے 40 ویں صدر ہیں، ان کا دور صدارت 1981 سے 1989 تک رہا، انہوں نے سرد جنگ کے دوران امریکی معیشت میں بہتری لانے کی کوشش کی، ان کی پالیسیاں ’’ریگنومکس‘‘ کے نام سے مشہور ہوئیں۔

جارج ڈبلیو بش

جارج ڈبلیو بش امریکا کے 43ویں صدر تھے اور ان کا دور صدارت 2001 سے 2009 تک رہا،وہ امریکی تاریخ میں ایک متنازع شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

جارج بش کے دور حکومت میں امریکا نے افغانستان میں اسامہ بن لادن اور عراق میں صدر صدام حسین کے خلاف جنگ چھیڑ دی، صدر بش کو 2008 میں عالمی مالیاتی بحران کے دوران معاشی پالیسیوں کے چیلنجز کا سامنا رہا۔

باراک اوباما

باراک اوباما امریکی تاریخ کے پہلے افریقی نژاد شہری تھے جو امریکا کے صدر منتخب ہوئے ،انہوں نے سال 2009 سے 2017 تک دوبار امریکی صدر کا منصب سنبھالا۔

باراک اوباما نے صد ربش کے مشرق وسطیٰ میں جنگی اعزائم کو پروان چڑھایا اور یمن اور لیبیا میں جنگ میں امریکی فوج اتار دی،اوباما کے دور حکومت میں 2011 میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت ہوئی۔

ڈونلڈ ٹرمپ

ڈونلڈ ٹرمپ 2017 سے 2021 تک امریکا کے 45 صدر رہے، ٹرمپ کی صدارت کئی متنازع فیصلوں، پالیسیوں اور ان کے غیر روایتی طرز عمل سیاست کی وجہ سے یاد رکھی جاتی ہے۔

ٹرمپ نے قومی خودمختاری اور تجارتی معاہدوں پر زور دیا، کورونا وباء اور روس کے ساتھ تعلقات کو ان صدارت کو متاثر کیا، ٹرمپ نے غیر قانونی مہاجرین کو امریکا میں داخل ہونے سے روکنے کا منصوبہ بنایا۔

جو بائیڈن

جو بائیڈن امریکا کے 46ویں صدر ہیں، انہوں نے 20 جنوری 2021 کو عہدہ سنبھالا، جوبائیڈن معیشت کی بحالی اور وبائی بیماری کے اثرات سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جو بائیڈن نے مہنگائی میں اضافہ اور سپلائی چین کے مسائل نے ان کی معاشی پالیسیوں کو چیلنج کیا ،انہوں نے عالمی مسائل جیسے موسمیاتی تبدیلی پر زور دیا، ان کے دور صدارت میں افغانستان میں امریکی جنگ کا 20 سالہ دور ختم ہوا۔