امریکا نے حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی نئی تجویز پر کام شروع کردیا

Published On 30 October,2024 07:27 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان 60 روزہ جنگ بندی کے لیے نئی تجویز پر کام شروع کردیا تاکہ اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 پر عمل درآمد بھی کیا جا سکے۔

عالمی خبر رساں ادارے نے دو ذرائعوں سے تصدیق کی ہے کہ جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے بھرپور کوشش کی جا رہی ہے، لیکن اسے عملی جامہ پہنانا اب بھی مشکل ہے۔

رائٹرز کے بقول ان ذرائعوں میں سے ایک سینیئر سفارت کار نے بتایا کہ دو ماہ کی جنگ بندی مدت کو بڑے پیمانے پر غیر نافذ شدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر مکمل عمل درآمد کو حتمی شکل دینے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ یہ قرارداد جنوبی لبنان کو اسلحے سے پاک اور خودمختار رکھنے کے لئے 2006 میں منظور کی گئی تھی اور یہی قرارداد گزشتہ برس اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لڑائی کے خاتمے کے لیے بات چیت کا باعث بنی تھی۔