چین میں ’’زھوہائی ایئر شو‘‘ شروع، جدید ترین جے-35 اے جنگی طیارے کی نمائش

Published On 14 November,2024 03:47 am

زھوہائی: (ویب ڈیسک) چین کا سب سے بڑا ایئر شو جنوبی شہر زھوہائی میں شروع ہو گیا۔

چینی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس سال اس شو میں چین کے تیار کردہ جدید سکستھ جنریشن جے-35 اے سٹیلتھ لڑاکا سپر سانک طیارے جس کو مقامی سطح پر’’بیڈی‘‘ کا نام دیا گیا ہے کی نمائش کی جا رہی ہے جو خلاسے بھی اپنے نشانے کو درست ہدف بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق زھوہائی ایئر شو میں ہر سال چین کے سول اور ملٹری ایرو سپیس سیکٹر کی نمائش کی جاتی ہے لیکن امسال یگانہ روزگار بیڈی کی رونمائی نمائش کے ماتھے کا جھومر ثابت ہوا ہے کیونکہ اس طیارے کی رونمائی پوری دنیا میں ایک موضوع بن چکی ہے۔

چینی سرکاری میڈیا کی گزشتہ روز جاری ویڈیو میں جنگی طیارہ ہوا میں بلند ہوتا ہوا، انجن گرجتے ہوئے، الٹا پلٹنے سے پہلے اور تیزی سے بھاگتے ہوئے دکھایا گیا، زمین پر موجود تماشائیوں نے خوب جوش و خروش سے خوشی کا اظہار کیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایئر شو میں اس کی شمولیت سے پتہ چلتا ہے کہ یہ طیارہ آپریشن میں داخل ہونے کے لئے تقریباً تیار ہے، جس سے چین امریکہ کے علاوہ دنیا کا واحد ملک بن جائے گا جس کے پاس 2 سٹیلتھ فائٹرز ہوں گے۔

واضح رہے کہ جے-35اے چین کے موجودہ ماڈل جے-20 سے ہلکا ہے اور ڈیزائن میں امریکی ایف-35 سے زیادہ مشابہ ہے، بیڈی طینی زبان کا لفظ ہے جس کا معنی ’’سفید شہنشاہ‘‘ ہے۔