ابوجا: (دنیا نیوز) نائیجیریا میں ایک اسلامی سکول میں ہونے والے یوتھ فیسٹیول میں بد انتظامی کے باعث بھگدڑ مچ گئی جس میں 35 طلبا ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے.
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ نائیجیریا کی جنوب مغربی اویو ریاست کے دارالحکومت عبادان کے ایک اسلامی ہائی سکول میں پیش آیا۔
سکول کے یوتھ فیسٹیول میں 5 ہزار سے زائد افراد موجود تھے جن کے لیے مختلف کھیلوں اور انعامات کا اعلان کیا گیا تھا، پنڈال طلبا سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور ایک موقع پر نامعلوم وجوہات کے باعث بھگدڑ مچ گئی اور درجنوں افراد کچلے گئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق تقریب میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 35 طلبا جاں بحق ہوگئے جبکہ درجنوں زخمی ہیں، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تقریب کے منتظمین کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا، بھگدڑ مچنے میں غفلت پائی گئی تو ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔