بشار الاسد کی اہلیہ اسماء الاسد شوہر سے علیحدگی کیلئے عدالت پہنچ گئی

Published On 23 December,2024 05:09 am

ماسکو: (دنیا نیوز) بشارالاسد کی اہلیہ اسماء الاسد نے شوہر سے علیحدگی کیلئے روس کی عدالت میں درخواست دائر کر دی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق شام کے سابق صدر بشار الاسد کی اہلیہ اسماء الاسد کے بارے میں کئی دنوں سے خبریں گردش کر رہی ہیں، جس میں معزول صدر سے علیحدگی کی درخواست کی خبر عام ہے، اگر ان کے درمیان علیحدگی ہوتی ہے تو اسماء کی ممکنہ طور پر لندن واپسی کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسماء الاسد نے روس کے دارالحکومت ماسکو میں زندگی سے عدم اطمینان کا اظہار کیا، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسماء الاسد اپنی والدہ سحر العطر کے تعاون سے برطانیہ منتقل ہونا چاہتی ہیں، کیونکہ وہ برطانوی شہریت رکھتی ہیں۔

انہوں نے انگلینڈ کی ایک باوقار قانونی فرم کے ساتھ بات چیت شروع کر دی ہے، حقیقت یہ ہے کہ اسماء کو لیوکیمیا ہے اور ماسکو میں اس کی صحت کی مناسب نگرانی نہیں کی جا سکتی ہے، مقامی اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ اسماء الاسد نے روس کی فیملی عدالت میں خلع کی درخواست دائر کی جس کے ساتھ ماسکو چھوڑنے کی خصوصی اجازت کی درخواست بھی کی گئی ہے۔

رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اسماء الاسد جو کبھی شام کی ’’خاتون اول‘‘ تھیں ماسکو میں اپنی نئی زندگی میں تنہائی اور غیر یقینی محسوس کرنے کے بعد ایک نئی سمت کی تلاش میں ہیں۔