اسرائیلی وزیر کی مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی، احاطے میں گھس گیا

Published On 28 December,2024 02:52 am

یروشلم: (ویب ڈیسک) اسرائیل کے قومی سلامتی وزیراتمار بن گویر نے مسجد اقصیٰ کمپاؤنڈ کا ایک اور متنازعہ اور اشتعال انگیز دورہ کرڈالا۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق فلسطینی اتھارٹی اور اردن نے اسرائیلی وزیر کی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کی، فلسطینی خود مختار اتھارٹی اوراردن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انتہائی دائیں بازو کے اس اسرائیلی سیاست دان کا وہاں جانا دانستہ اشتعال انگیزی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے 1967ء کی عرب اسرائیل جنگ میں مشرقی یروشلم پر قبضہ کر کے اسے اپنے ریاستی علاقے میں شامل کر لیا تھا، مسجد اقصیٰ کے احاطے تک تو یہودی جا سکتے ہیں تاہم ان کے وہاں عبادت کرنے یا دعا مانگنے پر خود اسرائیل نے بھی پابندی لگا رکھی ہے۔

بین گویر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر بیان میں ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے ٹیمپل والی جگہ پر گیا تھا تاکہ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی اورغزہ میں اسرائیل کی مکمل فتح کے لئے دعا کر سکوں۔