اوپیک پلس کا تیل کی پیداوار میں 2.2 ملین بیرل کی رضا کارانہ کمی جاری رکھنے کا اعلان

Published On 02 January,2025 02:57 am

ماسکو: (ویب ڈیسک) اوہپیک پلس نے تیل کی پیداوار میں 2.2 ملین بیرل کی رضا کارانہ کمی جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

میڈیارپورٹ کے مطابق اوپیک کی ویب سائٹ پر شائع کئے گئے تیل کی پیداوار کی بحالی کے نئے شیڈول کے مطابق پیداوار میں اضافے کا منصوبہ اپریل 2025 سے ستمبر 2026 کے آخر تک کے لئے ہے، تنظیم کے آٹھ رکن ممالک نے تیل کی پیداوار میں 2024 کے آغاز سے 2.2 ملین بیرل یومیہ کٹوتی پر عملدرآمد کیا ہے جن میں روس، سعودی عرب، الجزائر، عراق، قازقستان، کویت، متحدہ عرب امارات اور اومان شامل ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اوپیک پلس کے رکن ان ممالک نے اکتوبر 2024ء سے بتدریج پابندیاں ہٹانے اور پیداوار کو بحال کرنے کا منصوبہ بنایا اور اسی کے مطابق ایک ٹائم ٹیبل تیار کیا گیا، تاہم پیداوار میں اضافے کو پہلے دسمبر، پھر 2024 کے آخر تک، اوراوپیک پلس کے آخری وزارتی اجلاس میں 2025 کی پہلی سہ ماہی تک ملتوی کر دیا گیا۔

روسی نائب وزیر اعظم الیگزینڈر نوواک نے کہا کہ اوپیک پلس کے اقدامات کا مقصد موسم سرما میں کم طلب کے دوران تیل کی مارکیٹ کو عدم استحکام سے بچانا ہے۔

نئے شیڈول کے مطابق پیداوار میں اضافے کی منصوبہ بندی اپریل 2025 سے ستمبر 2026 کے اختتام تک کی گئی ہے، اس کے علاوہ اوپیک پلس کے مذکورہ 8 رکن ممالک رضاکارانہ طور پر 2026 کے آخر تک پیداوار میں مزید 1.65 ملین بیرل یومیہ کی کمی کریں گے۔