واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں چھوٹا طیارہ کمرشل عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک چھوٹا طیارہ کمرشل عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق حادثہ لاس اینجلس سے 25 میل جنوب مشرق میں فلرٹن میونسپل ائیرپورٹ کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ہلاک افراد طیارے میں موجود تھے یا اس عمارت میں کام کر رہے تھے جہاں طیارہ گرا ہے۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق حادثے کا شکار طیارہ ایک چھوٹا، چار نشستوں والا "وینز آر وی-10" ماڈل تھا جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئیں ہیں۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں طیارے گرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے اور گزشتہ چند دنوں میں آزر بائیجان اور جنوبی کوریا کے مسافر طیار گر کر تباہ ہونے جیسے بڑے حادثات ہوئے جن میں مجموعی طور پر 200 سے زائد لوگوں کی ہلاکت ہوئی۔