ساؤ پاؤلو: (ویب ڈیسک) برازیل نے برازیل، روس،بھارت ، چین اور جنوبی افریقہ پر مشتمل گروپ برکس کی گردشی صدارت سنبھال لی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر برازیل کی حکومت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برکس کی صدارت کے دوران اس کا ایجنڈا عالمی جنوبی تعاون کو مضبوط بنانے پر مرکوز رہے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ برازیل برکس کے صدر کی حیثیت سے بین الاقوامی طرز حکمرانی میں اصلاحات پر بھی توجہ مرکوز کرے گا اور گروپ کے اراکین کے درمیان تجارت کو آسان بنانے کے لیے میکانزم تیار کرے گا۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برازیلی حکومت نے کہا ہے کہ برکس عالمی جنوبی ممالک کے لئے ایک اہم سیاسی اور سفارتی فورم ہے جو مختلف شعبوں میں تعاون پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے کلیدی اہداف میں رکن ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے ادائیگی کا نظام تیار کرنا، مصنوعی ذہانت کے جامع اور ذمہ دارانہ طرز حکمرانی کو فروغ دینا اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مالیاتی نظام کو بہتر بنانا شامل ہے۔