لاہور:(دنیا نیوز) نشترہسپتال ملتان کے ڈائیلاسز سنٹر سے 25 مریضوں کو ایچ ائی وی وائرس میں مبتلا ہونے کے معاملے پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی سمیت ہسپتال کے 6 ملازمین کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت انکوائری کی منظوری دے دی ۔
سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی کی سربراہی میں دو رکنی کمیٹی ان افراد کے خلاف تحقیقات کرے گی ، وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد ان 7 ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔
ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پروفیسر ڈاکٹرغلام عباس ہیڈ آف نیفرالوجی ڈیپارٹمنٹ انتظامی ذمہ دارایاں ادا کرنے میں ناکام رہے، ڈاکٹر محمد کاظم ایچ آئی وی نے آوٹ بریک کی تحقیقات کرنے میں غفلت کا مظاہرہ کیا۔
اسی طرح ڈاکٹر پونم خالد نیفرالوجی ڈیپارٹمنٹ میں ڈیوٹی سے اکثر غائب رہتی تھیں، ڈاکٹر ملیحہ جوہر زیدی نے ایچ ائی وی مریض کے بارے میں اپنے سینئر کو نہیں بتایا،نرس ناہید پروین نے استعمال شدہ ڈسپوزیبل اشیا مریضوں کے ڈائیلاسز کے لیے دوبارہ استعمال کیں۔
خیال رہے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر نے ان ملازمین کو 14 روز میں جواب جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔