نئے سال کی تقریبات، مریم نواز کا سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا حکم

Published On 31 December,2024 06:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نئے سال کی تقریبات اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا حکم دے دیا، انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات، پارکس، شاپنگ مالز اور دیگر مقامات پر سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ عوام کے تعاون سے ہر قسم کے غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کرے، کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی کی جائے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام نئے سال کی خوشیوں کو ذمہ داری سے منائیں، ہوائی فائرنگ اور دیگر خطرناک سرگرمیوں سے گریز کریں، قانون کی خلاف ورزی کرنے اور قیمتی انسانی جانوں کو بھی خطرے ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی-

مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں، شراب نوشی و خرید و فروخت کے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا ہ نئے سال کا آغاز ایک محفوظ اور پُرامن ماحول میں کرنا چاہئے، انشاءاللہ پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔