صیہونی فورسز کی غزہ میں بربریت جاری، مزید 70 فلسطینی شہید

Published On 09 January,2025 06:07 pm

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں مزید 70 فلسطینی شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ روز غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں 50 فلسطینی شہید ہوئے گئے، غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 46 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، اب تک 1 لاکھ 9 ہزار 378 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔

غزہ حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایندھن کی شدید قلت کے باعث مزید ہسپتال بند ہوسکتے ہیں، غزہ کی وزارت صحت کے مطابق ہسپتالوں کے پاس صرف ایک دن کا ایندھن باقی ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ رفح میں زیرِ زمین سرنگ سے ایک مغوی کی لاش ملی ہے جبکہ بیت حنون میں آئی ای ڈی حملے میں 3 فوجی ہلاک ہوگئے۔

اسرائیلی وزیر خزانہ بیزلیل سموتریچ کا کہنا ہے کہ غزہ کے خلاف جنگ کو مختلف انداز میں بڑھایا جائے گا، حماس کے لیے جہنم تیار کر رہے ہیں۔

جنگ بندی کی بات چیت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حماس کے ساتھ کسی قسم کی بات چیت نہیں ہونی چاہیے تھی۔