واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے مصنوعی ذہانت پروجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اے آئی انفراسٹرکچرمیں 500ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی، بہت جلد امریکا میں اے آئی انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد کریں گے، میرے الیکشن جیتنے سے ملک میں ریکارڈ سرمایہ کاری آئی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ لاس اینجلس میں آگ سے بہت نقصان ہوا، کیلی فورنیا میں پانی کی دستیابی سے متعلق آرڈر جاری کروں گا، امریکا کوچین سمیت کئی ممالک کے ساتھ مسابقت کا سامنا ہے، چینی مصنوعات پر10فیصد اور میکسیکو پر25 فیصد ٹیرف عائد کیا جارہا ہے۔
امریکی صدر کا مزیدکہنا تھاکہ یکم فروری سے ان ممالک کی اشیا پرنیا ٹیرف لاگو ہوجائے گا، چین، کینیڈا اور میکسیکو سے امریکا میں لاکھوں لوگ اور منشیات آرہی ہے، جس نے کئی گھر تباہ کر دیئے ہیں، سابق صدر پر تنقید کرتے ہوئے بولے بائیڈن نے اپنی فیملی اور مجرموں کو معافی دی۔
ان کا کہنا تھاکہ اگر میں اس وقت صدر ہوتا تو یوکرین کی جنگ شروع ہی نہ ہوتی، چینی صدر سے کہا ہے یوکرین کا مسئلہ حل کرنے میں مدد کریں، روسی صدر مذاکرات کی میز پر نہ آئے تو ممکن ہے کہ روس پر پابندیاں عائد کروں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ٹک ٹاک کے مالک سے ملاقات کی ہے، کوئی ٹک ٹاک کو خرید لے اور آدھی آمدنی امریکا کو دے، ایلون مسک اگر ٹک ٹاک خریدنا چاہیں گے تو ڈیل کرا دوں گا۔