ڈھاکہ: (دنیا نیوز) بنگلہ دیش میں ریلوے ملازمین نے پہیہ جام کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہڑتال کے باعث 400 سے زائد ٹرینیں رک گئیں، مسافر رل گئے، ہڑتال کی وجہ سے 30 سے زائد مال بردار ٹرینوں کے آپریشنز بھی متاثر ہوئے۔
ریلوے یونین کا کہنا ہے کہ پینشن، اوور ٹائم کی ادائیگی کا مسئلہ حل ہونے تک ہڑتال ختم نہیں ہوگی، حکام کو پیر تک مطالبات کی منظوری کا وقت دیا ہے، وزارت ریلوے نے بتایا کہ ہڑتال کی وجہ سے اہم روٹس پر بس سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے، پہلے سے ٹرین کا ٹکٹ خریدنے والے مسافر اسی ٹکٹ پر بس کا سفر کر سکتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا نے مزید بتایا کہ محکمے میں افرادی قوت کی کمی کی وجہ سے ملازمین مقررہ وقت سے زیادہ ڈیوٹی کرتے ہیں، بنگلہ دیش میں ٹرین کے ذریعے یومیہ اڑھائی لاکھ افراد سفر کرتے ہیں۔