ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت تجارت نے رمضان المبارک اور عید الفطر کے لئے تجارتی سامان پر ’’سیل‘‘ لگانے کے لئے پرمٹ جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت تجارت نے کہا ہے کہ روایتی اور ڈیجیٹل مارکیٹس کے لئے ’’سیل‘‘ پرمٹ کے لئے درخواستیں 10 شعبان سے وصول کی جائیں گی۔
وزارت نے رمضان المبارک اور عید الفطر کے لئے رعایتی نرخوں پر اشیاء کی فروخت کرنے کا آغاز 9 فروری سے کرنے کا اعلان کیا ہے جو 5 شوال یعنی 3 اپریل 2025 تک جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ وزارت تجارت کے قانون کے مطابق رعایتی نرخوں کا اعلان کرنے سے قبل وزارت تجارت سے پرمٹ حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے جس کے بغیر کوئی تجارتی ادارہ ’’سیل‘‘ کے اعلانات نہیں لگا سکتا، پرمٹ کے بغیر رعایتی نرخوں کی اشتہاری مہم چلانا خلاف قانون شمار کیا جاتا ہے جس پر جرمانہ مقرر ہے۔
تجارتی ضوابط کے مطابق جو تاجر اپنی مصنوعات کو رعایتی نرخوں پر فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ان کے لئے ضروری ہوتا ہے کہ وہ رعایت سے قبل کے مصدقہ نرخ اور رعایتی نرخوں کے بارے میں وزارت تجارت کو تحریری طور پر مطلع کرتے ہیں۔