بل کلنٹن نے سعودی وژن 2030ء کو عصر حاضر کا جرات مندانہ ترقیاتی منصوبہ قرار دیدیا

بل کلنٹن نے سعودی وژن 2030ء کو عصر حاضر کا جرات مندانہ ترقیاتی منصوبہ قرار دیدیا

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سابق امریکی صدر بل کلنٹن سعودیہ کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے ریاض میں رئیل سٹیٹ فیوچر فورم کے ایک مباحثے میں خطاب کرتے ہوئے انسانی صلاحیتوں کو نکھارنے اور جامع ترقی کو فروغ دینے کے لئے مملکت کی کوششوں کی تعریف کی۔

بل کلنٹن نے واضح کیا کہ سعودی شہری اپنی قیادت سے مخلص اور وفادار ہیں جو ملکی معیشت کو ترقی دینے کے لیے وژن پر بھرپور اعتماد رکھتے ہیں۔

سابق امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کو ایسا متاثر کن رہنما ملا ہے جس نے اپنے شہریوں کے لئے روزگار کے ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں مواقع پیدا کیے ہیں جو ایسا ہی ہے کہ سونے کے تھال میں رکھ کر اپنی عوام کے سامنے رکھے ہوں، سعودی مرد وخواتین شہریوں کو اس پیش کش پر شکرگزار ہونا چاہئے جو وژن نے پیش کیا۔

بل کلنٹن کا کہنا تھاکہ سعودیہ اب جو کام کررہا ہے وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اپنی پوری صلاحیت کے مطابق زندگی گزارنے کے مزید مواقع فرہم کرے گا اور میرے خیال میں یہ اہم ہے۔

واضح رہے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ریاض میں اپنے دفتر میں سابق امریکی صدر سے ملاقات بھی کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔