پیوٹن کا ایسٹر کے موقع پر یوکرین کیساتھ عارضی جنگ بندی کا اعلان

Published On 19 April,2025 09:16 pm

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے ایسٹر تہوار کے موقع پر روس یوکرین جنگ میں عارضی جنگ بندی کا اعلان کردیا۔

کریملن کا کہنا ہےکہ روس 19 اپریل شام 6 بجے سے 21 اپریل رات 12 بجے تک جنگ بندی پر عمل کرے گا، ہم یوکرین کی جانب سے بھی جنگ بندی پر عمل کی امید رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روسی فوج یوکرین کی جانب سے جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دے گی۔

روسی صدر کا کہنا ہے کہ عارضی جنگ بندی کے دوران یوکرین کا رویہ امن معاہدے کے لیے یوکرین کی سنجیدگی ظاہر کرے گا، روس ہمیشہ سے امن بات چیت کے لیے تیار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین تنازع کے منصفانہ حل کے لیے امریکا، چین اور دیگر ممالک کی خواہش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

دوسری طرف امریکا نے یورپی رہنماؤں کے ساتھ ایک نئی امن تجویز پیش کی ہے جس کا مقصد روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی اور بالآخر جنگ کا خاتمہ ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پیرس میں یورپی اتحادیوں سے ملاقات کے دوران امن تجویز پر گفتگو کی۔

تجویز میں کہا گیا ہے کہ اگر ایک پائیدار جنگ بندی ہو جاتی ہے تو امریکا روس پر عائد کچھ پابندیاں نرم کرنے پر تیار ہوسکتا ہے۔