نیویارک: (دنیا نیوز) سکھ فار جسٹس (ایس ایف جے) جو کہ امریکہ میں قائم ایک وکالت گروپ ہے نے الزام لگایا ہے کہ ہندوستان کی حکمران جماعت بی جے پی کے ایک سینئر رکن نے امریکی شہری کے قتل کیلئے 250,000 ڈالر کی رقم جاری کی۔
یہ الزام امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے 21 اپریل 2025ء کو ہندوستان کے طے شدہ دورے سے پہلے لگایا گیا، نائب امریکی صدر وانس کو لکھے گئے ایک خط میں ایس ایف جے کے جنرل کونسلر اور انسانی حقوق کے ممتاز اٹارنی گرپتونت سنگھ پنن نے مبینہ پیشکش کو امریکی سرزمین پر قتل کے ارتکاب کی مجرمانہ درخواست کے طور پر مذمت کی، جس سے امریکی خود مختاری اور قومی سلامتی کو براہ راست چیلنج کیا گیا۔
لکھا گیا خط ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کی انتظامیہ پر ایک سخت فرد جرم عائد کرتا ہے، نائب صدر وینس سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے آنے والے ہندوستان کے دورے کے دوران امریکی شہری کے قتل کے اوپر فوری کارروائی کا مطالبہ کریں۔
سکھ فار جسٹس نے خط میں نائب صدر پر زور دیا ہے کہ وہ عوامی طور پر ہندوستانی حکومت کو ممکنہ اثرات سے خبردار کریں، بشمول امریکی وفاقی قانون کے تحت قانونی کارروائی، اقتصادی پابندیاں اور ذمہ دار اداروں کو دہشت گرد اداروں کے طور پر نامزد کیا جائے۔