غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری، بچوں اور خواتین سمیت 105 فلسطینی شہید

Published On 09 July,2025 06:42 am

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری، بچوں اور خواتین سمیت 105 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق کلینک پر اسرائیلی حملے میں کمسن بچی سمیت 6 فلسطینی شہید ہوئے، غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے بکتر بند گاڑی دھماکے سے اڑا دی، 5 صیہونی فوجی ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہنا تھا کہ انہوں نے اسرائیلی فوج کو رفح شہر کے ملبے پر ایک کیمپ قائم کرنے کا حکم دیا ہے، انہوں نے اس کیمپ کو ’’انسانی ہمدردی کا شہر‘‘ کہا ہے۔

کاٹز نے اسرائیلی صحافیوں کو بریفنگ میں بتایا تھا کہ فلسطینیوں کو کیمپ میں داخل ہونے سے پہلے سکیورٹی سکریننگ سے گزرنا ہوگا اور ایک بار اندر جانے کے بعد انہیں کیمپ سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اسرائیلی فورسز اس جگہ کے اردگرد کنٹرول سنبھالیں گی اور ابتدائی طور پر تقریباً 6 لاکھ فلسطینیوں کو اس علاقے میں منتقل کیا جائے گا، جن میں زیادہ تر وہ لوگ ہوں گے، جو اس وقت المواسی کے علاقے میں بے گھر ہیں۔

اسرائیل کاٹز کا کہنا تھا کہ بتدریج پورے غزہ کی آبادی کو وہاں منتقل کیا جائے گا اور اسرائیل کا مقصد ہجرت کے منصوبے پر عمل درآمد کرنا ہے اور اس پر عملدرآمد ہو کر رہے گا۔