نیٹو نے ٹرمپ کا یوکرین کو تحفظ کی ضمانت دینا بڑا بریک تھرو قرار دیدیا

Published On 19 August,2025 05:35 am

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) نیٹو نے ٹرمپ کا یوکرین کو تحفظ کی ضمانت دینا بڑا بریک تھرو قرار دیدیا۔

نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک رُٹے نے وائٹ ہاؤس میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی اور یورپی رہنماؤں کے ساتھ کثیرالجہتی اجلاس میں امریکی صدر کی جانب سے یوکرین کو سکیورٹی گارنٹی دینے کی پیشکش کو امن مذاکرات میں بڑا بریک تھرو قرار ہوئے کہاکہ اقدام مذاکرات کے نتائج پر گہرا اثر ڈال سکتا ہے۔

مارک رُٹے نے صدر ٹرمپ کو یاد دلایا ’’آپ نے کہا کہ یوکرین کو سکیورٹی گارنٹی دینے کو تیار ہوں یہ ایک بڑا قدم ہے، یہ واقعی ایک بریک تھرو ہے اور اس سے سب کچھ بدل جاتا ہے، تو اس پر بھی آپ کا شکریہ۔

اس سے قبل اوول آفس میں زیلنسکی کے ساتھ بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے اس امکان کو رد نہیں کیا کہ امریکہ ممکنہ امن معاہدے کو برقرار رکھنے کے لئے یوکرین کی مدد میں فوج بھیج سکتا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم آپ کو شاید آج یا کچھ روز میں اس بارے میں بتا دیں گے۔

نیٹو کے سیکرٹری نے امریکی صدر کو ’’ڈیڈلاک ختم کرنے‘‘ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو مذاکرات کی میز پر واپس لانے پر بھی سراہا۔