امن معاہدے پر اتفاق، اسرائیل اور غزہ میں شہریوں کا جشن

Published On 09 October,2025 09:07 am

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر اتفاق طے پانے کے بعد اسرائیل اور غزہ میں شہریوں کو جشن مناتے دیکھا گیا۔

رات بھر تل ابیب کے ہوسٹیجز سکوائر میں لوگ خوشی کا اظہار کرتے رہے اور اس موقع پر نعرے بھی لگاتے رہے، یرغمالیوں کے اہلِ خانہ اپنے عزیزوں کی ممکنہ واپسی پر امن معائدہ ہو جانے کے بعد جشن مناتے نظر آئے۔

ادھر غزہ میں فلسطینیوں نے بھی رات بھر جشن منایا، جنوبی علاقے خان یونس کے رہائشی امن معاہدے کے اعلان کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نظر آئے۔

جشن منانے والوں میں شریک وائل رضوان نے بتایا کہ ہم بہت خوش ہیں کہ جنگ رک گئی ہے، یہ ہمارے لیے ایک خوشی کی بات ہے اور ہم اپنے بھائیوں اور اُن سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے خواہ زبانی طور پر ہی سہی، جنگ روکنے اور خونریزی بند کرنے میں کردار ادا کیا۔

غزہ کے عبد المجید ربّو نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ جنگ بندی ہو گئی، خونریزی اور قتل ختم ہو گیا، میں ہی خوش نہیں ہوں پورا غزہ، تمام عرب قوم اور پوری دنیا اس جنگ بندی اور خونریزی کے خاتمے پر خوش ہے۔ اُن سب کے لیے محبت بھرا پیغام جو ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔