لندن: (دنیا نیوز) یورپ کو سپر فلو کی خطرناک لہر کا سامنا ہے جہاں برطانیہ سمیت کئی ممالک میں ہسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں جبکہ داخلوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
یورپ بھر میں خطرناک سپر فلو کی لہر نے نظام صحت کو ہلا کر رکھ دیا ہے جہاں برطانیہ سمیت کئی یورپی ممالک میں انفلوئنزا کے مریضوں کی تعداد میں تشویش ناک اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ہسپتالوں پر دباؤ خطرناک حد تک بڑھ چکا ہ۔
عالمی ادارۂ صحت کے مطابق فلو کی ایک نئی قسم تیزی سے پھیلنا شروع ہو گئی ہے، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ قسم زیادہ جان لیوا نہیں، تاہم اس کی تیز رفتار منتقلی نے حکام کو الرٹ کر دیا ہے۔
برطانوی محکمہ صحت کے مطابق صرف برطانیہ میں روزانہ اوسطاً 2 ہزار 600 سے زائد مریض فلو کے باعث ہسپتالوں میں داخل ہو رہے ہیں، مریضوں کی شرح میں گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 50 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال کووڈ کے بعد ہسپتالوں پر سب سے بڑا دباؤ ہے۔
طبی حکام نے خبردار کیا ہے کہ بچوں اور بزرگوں میں سپر فلو کے کیسز سب سے زیادہ سامنے آ رہے ہیں، جس کے باعث انتہائی نگہداشت کے وارڈز بھی بھرنے لگی ہیں۔



