نتیش کمار کا عمل عورت کی عزت اور شناخت پر حملہ ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل

Published On 16 December,2025 09:20 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے عمل کو عورت کی عزت اور شناخت پر حملہ قرار دے دیا۔

 

انسانی حقوق کی عالمی تنظیمایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے خاتون کا حجاب کھینچنے کے واقعے پر شدید مذمت کی ہے۔ 

ایمنسٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کسی خاتون کے لباس یا مذہبی علامت پر قابو پانے کی کوشش کرے، تنظیم نے واضح کیا کہ ایسے اقدامات خوف کی فضا پیدا کرتے ہیں اور مذہبی آزادی کے بنیادی حقوق کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس قسم کے ذلت آمیز رویے کی بلا شبہ مذمت ہونی چاہیے اور فوری اقدامات کیے جانے چاہئیں تاکہ کوئی خاتون اس طرح کے سلوک کا شکار نہ ہو۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق اس واقعے کی جوابدہی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں خواتین کے حقوق اور مذہبی آزادی کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

دوسری جانب نقاب کھینچنے کو بھارتی سیاسی رہنماؤں، صحافیوں اور انسانی حقوق تنظیموں نے شرمناک قرار دے دیا، نقاب کھینچنے پر بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے خلاف ہراسمنٹ کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔

اپوزیشن پارٹی کانگریس نے کہا کہ نتیش کمار کی بے شرمی دیکھیں اپائنٹمنٹ لیٹر لینے آئی خاتون ڈاکٹر کا حجاب اتار دیا۔ یہ بدتمیزی ناقابلِ معافی ہے، مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ نتیش کمار کو فوری مستعفی ہونا چاہیے۔

سماج وادی پارٹی کے اکھلیش یادیو نے کہا کہ نتیش کمار کا یہ اقدام شرمناک ہے جبکہ بھارتی صحافی محمد زبیر نے کہا کہ حواسوں میں ہوتے تو نتیش کمار ایسا نہ کرتے۔

صحافی، اشوک سوائن نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ مودی کے بھارت میں بدتمیزی اور اسلامو فوبیا کو سرکاری منظوری حاصل ہوگئی ہے، اس کےعلاوہ انسانی حقوق کی کارکن دپیکا پشکر ناتھ نے اسے جنسی ہراسانی کا سنگین واقعہ قرار دیا۔