نئے سال کا آغاز بحرالکاہل میں واقع ملک کریباتی سے ہوا

Published On 01 January,2026 09:19 am

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں 2025ء کو انمٹ یادوں، خوشیوں، اداسیوں کے ساتھ الوداع کہا گیا جبکہ 2026ء کو ان امیدوں پر خوش آمدید کہا گیا جو خواب 2025 میں پورے نہ ہو سکے، وہ 2026 میں تعبیر پا جائیں گے۔

دنیا میں سب سے پہلے نئے سال کا آغاز بحرالکاہل میں واقع جزیرہ ملک کریباتی سے ہوا، جہاں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے سال 2026 شروع ہوا۔

اس کے بعد نیوزی لینڈ میں شام چار بجے اور آسٹریلیا میں شام چھ بجے پاکستانی وقت کے مطابق نئے سال کا استقبال شاندار آتش بازی سے کیا گیا۔

جاپان میں آتش بازی کے ساتھ ساتھ روایتی رسم جویا نو کانے ادا کی گئی، جس کے تحت بدھ مت کے مندروں میں بڑی گھنٹیاں 108 بار بجائی گئیں۔

جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور سنگاپور میں بھی شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے تقریبات میں شرکت کی۔

بنکاک میں دریائے چاو فرایا کے اطراف اور سنگاپور میں مرینا بے کے مقام پر آتش بازی نے آسمان کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجا دیا۔

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں عظیم دیوار چین کے جویونگ گوان حصے کو خصوصی روشنیوں اور لائٹ بیمز سے منور کیا گیا، جسے دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔

یورپ اور مشرق وسطیٰ میں نئے سال کا آغاز نسبتاً بعد میں ہوا، جبکہ امریکا میں سب سے آخر میں سال نو داخل ہوتا ہے۔

نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں مشہور کرسٹل بال نصب کی گئی، جہاں ہر سال کی طرح لاکھوں افراد نے سال نو کے جشن میں شرکت کی۔

ماہرین کے مطابق دنیا میں نئے سال کے آغاز کے اوقات میں فرق عالمی ٹائم زون نظام کی وجہ سے ہے، جس کے تحت زمین کو مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، اسی نظام کے باعث دنیا کے مختلف ممالک اپنے اپنے وقت، ثقافت اور روایات کے مطابق نئے سال کا استقبال کرتے ہیں۔