خلاصہ
- واشنگٹن: (دنیا نیوز) وائٹ ہاؤس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کے تحت غزہ بورڈ آف پیس کے اراکین کے ناموں کا اعلان کردیا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق وائٹ ہاؤس کے مطابق میجر جنرل جیسپر جیفرز عالمی استحکام فورس کے کمانڈر مقرر کیے گئے ہیں، وزیرخارجہ مارکو روبیو، ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی سٹیو وٹکوف اور امریکی صدر کے داماد جیرڈ کشنر کو بھی بورڈ آف پیس میں شامل کیا گیا ہے۔
آریے لائٹ اسٹون اور جوش گرون بام بورڈ کے سینئر مشیر مقرر ہوئے ہیں جبکہ نکولے ملادینوف کو بورڈ آف پیس کا ایگزیکٹو رکن مقرر کیا گیا ہے جو غزہ کیلئے نمائندہ اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔
برطانیہ کے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر کے ساتھ ساتھ مارک روون، اجے بنگا اور رابرٹ گیبریل بھی بورڈ آف پیس کا حصہ بن گئے۔
خیال رہے کہ غزہ میں بورڈ آف پیس کا قیام ٹرمپ کے امن منصوبے کا حصہ ہے، یہ بورڈ سکیورٹی، انسانی امداد اور تعمیر نو کے منصوبوں میں ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے ساتھ فلسطینی اتھارٹی اور نظم و حکومت میں اصلاحات کی راہ بھی ہموار کرے گا۔