خلاصہ
- ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزارتِ دفاع کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے 20 جنوری کی رات 11 بجے سے 21 جنوری کی صبح 7 بجے تک روسی علاقوں، بحیرہ آزوف اور بحیرہ اسود کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے یوکرین کے 75 بغیر پائلٹ طیارے تباہ کیے۔
وزارت کے مطابق 45 ڈرون کراسنودار ریجن کے اوپر، 9 اوریول ریجن کے اوپر، 7 بحیرہ اسود کے اوپر، 3 تین روستوو ریجن اور کریمیا کے اوپر، 2 دو آستراخان، بریانسک اور کورسک ریجن کے اوپر جبکہ ایک ایک ڈرون وورونژ ریجن اور بحیرہ آزوف کے اوپر مار گرایا گیا۔
ادیگیا کے تختاموکائی ضلع کی ایک رہائشی بلند عمارت پر ڈرون گرنے سے 11 افراد زخمی ہوئے، جن میں 9 افراد بشمول دو بچوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، بعد ازاں ریپبلک کے سربراہ مراد کمپیلوف نے زخمیوں کی تعداد بڑھ کر 13 ہونے کی تصدیق کی۔
ضلعی سربراہ اسکر ساوا کے مطابق واقعے میں کوئی شدید جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، دو زخمیوں کو علاج کے لیے کراسنودار منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ انتظامیہ نے ضلع کی سطح پر ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کر دیا۔
متاثرہ عمارت کے رہائشیوں کے لیے شاپسوگ ریزورٹ کمپلیکس میں عارضی رہائش گاہ قائم کر دی گئی ہے اور رہائشیوں کو مرحلہ وار گھروں میں واپسی کی اجازت دی جائے گی۔
ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق عمارت کے پارکنگ ایریا میں کھڑی 15 گاڑیاں جل گئیں جبکہ 25 دیگر گاڑیوں کو نقصان پہنچا، روسی تفتیشی کمیٹی نے یوکرینی حملے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
گورنر آندرے کلچکوف کے مطابق اوریول ریجن میں حملے کے نتیجے میں ایندھن اور توانائی کے شعبے سے متعلق تنصیبات کے ساتھ ساتھ رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
بعض علاقوں میں بجلی اور پانی کی فراہمی متاثر ہوئی تاہم خدمات بحال کر دی گئی ہیں، ان کے مطابق کئی عمارتوں کی کھڑکیاں اور نجی گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں تاہم کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
کراسنودار کے افیفسکی قصبے میں ڈرون کے ملبے اور اس کے وارہیڈ کے گرنے کے بعد رہائشیوں کو بارودی صفائی (demining) کے لیے فوری طور پر خالی کرایا گیا، شہر کے سپورٹس سکول میں عارضی رہائش کا انتظام کر دیا گیا۔
علاقے کے آپریشنل ہیڈکوارٹرز کے مطابق لیوووسکوی گاؤں میں ایک ڈرون کے ٹکڑوں نے ایک آؤٹ بلڈنگ کو بھی نقصان پہنچایا جبکہ ہنگامی خدمات اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مختلف مقامات پر آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔