امریکی صدر کی عراق کے داخلی معاملات میں مداخلت پر بغداد میں احتجاج

امریکی صدر کی عراق کے داخلی معاملات میں مداخلت پر بغداد میں احتجاج

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کے بعد گرین زون کے قریب مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے، نور المالکی کے حامیوں نے احتجاج کرتے ہوئے امریکا کے خلاف نعرے بازی کی۔

مظاہرین نے عراقی پرچم لہراتے ہوئے امریکی پرچم کی تصویر نذر آتش کرتے ہوئے کہا کہ عراقی امور میں کسی غیر ملکی مداخلت کو قبول نہیں کریں گے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ عراقی عوام خود فیصلے کرنے کا حق رکھتے ہیں، ملک کے وزیراعظم کے انتخاب پر امریکا کو بولنے کا حق حاصل نہیں ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ اگر عراق میں نوری المالکی منتخب ہوئے تو امریکا عراق کی کوئی مدد نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عراق اگر نوری المالکی کو دوبارہ وزیر اعظم بناتا ہے تو یہ غلط فیصلہ ہو گا، المالکی کے دور میں عراق غربت اور بے امنی میں ڈوب گیا تھا، امریکی مدد کے بغیر عراق کی کامیابی، خوشحالی اور آزادی کا امکان صفر ہے۔