خلاصہ
- ماسکو: (شاہد گھمن) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اسلام آباد میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
کریملن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر پوتن نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مذہبی تقریب کے دوران معصوم افراد کا قتل دہشت گردی کی وحشیانہ اور غیر انسانی فطرت کا واضح ثبوت ہے۔
روسی صدر نے اس افسوسناک واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ روس اس اہم شعبے میں پاکستان کے ساتھ قریبی اشتراکِ عمل کے لیے تیار ہے۔
صدر پوتن نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے ایک علاقے میں واقع شیعہ مسجد کے قریب ہونے والے دھماکے میں کم از کم 31 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا جمعہ کی نماز کے دوران مسجد کے داخلی دروازے پر خودکش حملہ آور نے کیا۔