بنگلہ دیش: انتخابی عمل کے دوران پولنگ سٹیشن میں دھماکا، 3 افراد زخمی

بنگلہ دیش: انتخابی عمل کے دوران پولنگ سٹیشن میں دھماکا، 3 افراد زخمی

بنگلہ دیشی اخبار پروتھوم آلو کے مطابق مذکورہ واقعہ صبح تقریباً ساڑھے نو بجے ریشما انٹرنیشنل سکول پولنگ سینٹر میں پیش آیا، ووٹنگ کا عمل پرامن طریقے سے جاری تھا کہ اچانک قریبی نہر کے پار سے نامعلوم افراد نے دیسی ساختہ بم پھینکا۔

دھماکے کے نتیجے میں سکونتھا مجمدار اور جمال حسین نامی دو انصار اہلکار زخمی ہوئے جبکہ آرام باغ علاقے کے ایک ووٹر کی 14 سالہ بیٹی آمنہ خاتون بھی زخمی ہو گئی۔

دھماکے سے زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی کلینک منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی، دھماکے سے پولنگ اسٹیشن کے مرکزی دروازے کو جزوی نقصان پہنچا۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور مرکز کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ ووٹنگ کا عمل متاثر نہ ہو، واقعہ کے باوجود پولنگ کا عمل جاری رکھا گیا۔

واضح رہے کہ یہ انتخابات سیاسی طور پر نہایت اہم سمجھے جا رہے ہیں کیونکہ حالیہ سیاسی تبدیلیوں کے بعد عوام پہلی بار نئی قیادت کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈال رہے ہیں۔

بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کی 300 نشستوں پر براہ راست انتخابات ہو رہے ہیں جبکہ خواتین کے لیے 50 مخصوص نشستیں مختص ہیں، 12 کروڑ 77 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔