ایران نے روس سے ’وربا‘ ایئر ڈیفنس سسٹم کی خریداری کا معاہدہ کرلیا

ایران نے روس سے ’وربا‘ ایئر ڈیفنس سسٹم کی خریداری کا معاہدہ کرلیا

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق روس اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت ہزاروں جدید کندھے پر رکھ کر فائر کیے جانے والے میزائل حاصل کیے جائیں گے۔

رپورٹس کے مطابق یہ معاہدہ گزشتہ برس دسمبر میں ماسکو میں طے پایا جس کے تحت روس 3 سال کے دوران ایران کو 500 ’وربا‘ لانچ یونٹس اور 2500 نائن ایم 336 میزائل فراہم کرے گا۔

برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ وربا روس کے جدید ترین پورٹیبل فضائی دفاعی نظاموں میں شمار ہوتا ہے، یہ کندھے پر رکھ کر فائر کیا جانے والا انفراریڈ گائیڈڈ میزائل ہے جو کروز میزائلوں، کم بلندی پر پرواز کرنے والے طیاروں اور ڈرونز کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اخبار کا مزید کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت ایئر ڈیفنس سسٹم کی ترسیل 3 مرحلوں میں 2027ء سے 2029ء کے درمیان مکمل کی جائے گی، اس بات کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ ان سسٹمز کی محدود تعداد پہلے ہی ایران کو فراہم کی جا چکی ہے۔