خلاصہ
- دبئی / ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے ایئرپورٹس پر حالیہ فضائی تاخیر اور عارضی تعطل کے دوران مسافروں کی معاونت کے لیے ہنگامی انتظامات فعال کیے گئے۔
حکام کے مطابق ابوظہبی اور دبئی سمیت مختلف ہوائی اڈوں پر اضافی معلوماتی ڈیسک، کسٹمر سروس کاؤنٹرز اور معاون ٹیمیں تعینات کی گئیں تاکہ متاثرہ مسافروں کو بروقت رہنمائی فراہم کی جا سکے، پروازوں کی ری بکنگ اور شیڈول اپڈیٹس کے لیے ڈیجیٹل سسٹمز کو بھی تیز رفتار بنایا گیا۔
ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ تاخیر یا منسوخی کی صورت میں مسافروں کو خوراک اور ریفریشمنٹ فراہم کی جاتی ہے جبکہ طویل تعطل کی صورت میں رہائش اور زمینی ٹرانسپورٹ کے انتظامات کیے جاتے ہیں، ایئرلائنز کیئر پالیسی کے تحت متبادل پروازوں اور ری شیڈیولنگ کے آپشنز فراہم کر رہی ہیں تاکہ مسافر کم سے کم دشواری کے ساتھ اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔
سرکاری مؤقف کے مطابق یو اے ای کا ایوی ایشن نظام ہنگامی حالات میں مربوط ردِعمل کے تحت کام کرتا ہے، جہاں ریاستی ادارے، ایئرپورٹ انتظامیہ اور ایئرلائنز باہمی تعاون سے صورتحال سنبھالتے ہیں، مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانگی سے قبل اپنی پرواز کی تازہ صورتحال چیک کریں اور آفیشل اپڈیٹس پر انحصار کریں۔
بیان کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور آپریشنل سہولیات کو ضرورت کے مطابق مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے تاکہ سفری تسلسل برقرار رہے۔