خلاصہ
- دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی کے حکام نے کہا ہے کہ علاقائی فضائی صورتحال کے بعد دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ (ڈی ایکس بی) اور دبئی ورلڈ سینٹرل (ڈی دبلیو سی) پر محدود فلائٹ آپریشن مرحلہ وار بحال کیا جا رہا ہے۔
حکام نے بتایا ہے کہ آپریشنز کی بحالی سکیورٹی اور فضائی اجازت ناموں کے مطابق کی جا رہی ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے، ایئر پورٹس پر آپریشنل تیاری برقرار ہے۔
حکام کے مطابق دونوں ایئر پورٹس پر متعلقہ ادارے پروازوں کے شیڈول کا جائزہ لے رہے ہیں اور ایئر لائنز کے ساتھ ہم آہنگی کے ذریعے سروسز کو بحال کیا جا رہا ہے۔
دبئی ایئر پورٹس نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ روانگی سے قبل اپنی فلائٹ کا سٹیٹس متعلقہ ایئرلائن کی ویب سائٹ یا آفیشل چینلز کے ذریعے چیک کریں، کسی بھی تبدیلی سے متعلق معلومات براہِ راست مسافروں تک پہنچائی جائیں گی۔
فلائی دبئی کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق محدود تعداد میں پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں، جبکہ ایمرٹس ایئر لائن نے بھی محدود آپریشن شروع کرنے کی تصدیق کی ہے۔
ایئرلائنز نے کہا ہے کہ ری بک شدہ یا متاثرہ مسافروں سے ای میل اور ایس ایم ایس کے ذریعے رابطہ کیا جائے گا، شیڈول میں ممکنہ تبدیلیوں کے پیش نظر مسافروں کو اپڈیٹس پر نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ ایئرلائن کنفرمیشن کے بغیر مسافر ڈی ایکس بی یا ڈی ڈبلیو سی کا رخ نہ کریں، فضائی صورتحال کا جائزہ جاری ہے اور آپریشنز کو حالات کے مطابق ایڈجسٹ کیا جائے گا متعلقہ ادارے مسافروں کی سہولت اور سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔