امریکا کی ایران پر تباہ کن بمباری: بیلسٹک میزائل کے ذخیرے، بحری جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ

امریکا کی ایران پر تباہ کن بمباری: بیلسٹک میزائل کے ذخیرے، بحری جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ

امریکی سینٹرل کمانڈ ( سینٹ کام) کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کاپر نے ایران پر حملوں سےمتعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بی ٹو بمبار طیاروں نے درجنوں بنکر بسٹر بموں سے گہرائی میں دفن بیلسٹک میزائل لانچرز تباہ کر دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لڑائی میں سنجیدہ ہیں، ایران کو سب سے پہلے ختم کرنا چاہتے ہیں: امریکی صدر

سینٹ کام کمانڈر نے کہا کہ پہلے دن کے بعد سے ایرانی بیلسٹک میزائل حملوں میں 90 فیصد کمی آئی ہے، آپریشن کے اگلے مرحلے میں ایران کی میزائل پیداوار کی صلاحیت کو تباہ کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

پاسداران انقلاب کا تل ابیب پر کلسٹر بموں سے لیس خیبر شکن میزائل سے حملہ
دوسری جانب پاسداران انقلاب نے کلسٹر بموں سے لیس خیبر شکن میزائل سے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر حملہ کر دیا، اور اسرائیل کے خلاف حملے آخر تک جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

سعودی عرب نے 3 بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کر دیے
سعودی وزارت دفاع کے مطابق پرنس سلطان ایئر بیسں کی طرف داغے گئے 3 بیلسٹک میزائل تباہ کر دیے گئے ہیں، سعودی دفاعی نظام کی بروقت کارروائی سے یہ بیلسٹک میزائل تباہ کیے گئے۔

اسرائیلی فوج کا بیروت میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملہ
اسرائیلی فوج کے مطابق داحیہ میں حزب اللہ کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ لبنانی سرکاری میڈیا نے بھی بیروت پر اسرائیلی حملے کی تصدیق کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں میں 1 ہزار 230 افراد جاں بحق

حملے سے قبل علاقے کے رہائشیوں کو انخلا کی وارننگ بھی جاری کی گئی تھی، لبنانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے اسرائیلی حملوں میں شہید افراد کی تعداد 123 ہوگئی جبکہ 683 افراد زخمی ہوئے۔

ہماری انگلی ٹریگر پر ہے، کسی بھی وقت حملہ کر سکتے ہیں، حوثی رہنما
اپنے ایک بیان میں حوثی رہنما عبد الملک الحوثی نے خبردار کیا کہ امریکا و اسرائیل کیخلاف جنگ میں شامل ہونے کیلئے تیار ہیں، صورتحال کے مطابق فوری ردعمل دیں گے۔