دبئی ایئرپورٹس سے مختلف ممالک کیلئے گزشتہ 84 گھنٹوں میں 1,140 پروازیں آپریٹ

دبئی ایئرپورٹس سے مختلف ممالک کیلئے گزشتہ 84 گھنٹوں میں 1,140 پروازیں آپریٹ

حکام کے مطابق اس عرصے کے دوران 105,000 سے زائد آؤٹ باؤنڈ نشستیں فراہم کی گئیں جس کے ذریعے بڑی تعداد میں مسافروں کو اپنے ممالک واپس جانے کا موقع ملا۔
ایئرپورٹ حکام کے بیان میں کہا گیا کہ ان پروازوں کے ذریعے پاکستان، بھارت، برطانیہ، جرمنی، فرانس اور دیگر یورپی و ایشیائی شہروں کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کو سہولت فراہم کی گئی، فضائی آپریشنز میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے بعد شیڈول کو مرحلہ وار بحال کیا جا رہا ہے۔

بیان کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ایئرلائنز کے درمیان قریبی رابطے کے ذریعے اضافی پروازوں اور نشستوں کا بندوبست کیا گیا تاکہ متاثرہ مسافروں کو جلد از جلد اپنے مقامات تک پہنچایا جا سکے، اس دوران گراؤنڈ سروسز اور دیگر اداروں نے بھی آپریشن کو معمول پر لانے میں کردار ادا کیا۔

دبئی ایئرپورٹس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی ایئرلائن سے پرواز کی تازہ صورتحال کی تصدیق کریں اور ایئرپورٹ روانگی سے پہلے ضروری معلومات حاصل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ تاخیر یا تبدیلی سے بچا جا سکے۔