خلاصہ
- ماسکو(شاہد گھمن سے) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے آذربائیجان کے صدر الہام علییف اور متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید آل نہیان سے ٹیلیفونک رابطوں میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا اور خطے میں جاری کشیدگی کے جلد خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔
کریملن کے مطابق ولادیمیر پوتن اور الہام علییف کے درمیان گفتگو میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری فوجی کارروائیاں روکنے کی حمایت کی۔
روسی صدر نے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے دوران آذربائیجان کی جانب سے روسی شہریوں کے انخلا میں فراہم کی گئی مدد پر صدر الہام علییف کا شکریہ بھی ادا کیا، دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں روس اور آذربائیجان کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دوسری جانب ولادیمیر پوتن نے متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید آل نہیان سے بھی ٹیلیفون پر گفتگو کی جس میں خلیجی خطے کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ خطے میں صورتِ حال تیزی سے خراب ہو رہی ہے جس کے ایران اور عرب ممالک پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
روسی صدر نے متحدہ عرب امارات میں موجود روسی شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں اور مدد پر اماراتی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ موجودہ تنازع کو مزید بڑھنے سے روکنا اور اسے مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ضروری ہے۔
گفتگو کے دوران ولادیمیر پوتن نے محمد بن زاید آل نہیان کو ان کی 65ویں سالگرہ پر مبارکباد بھی دی اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط سٹریٹجک شراکت داری میں ان کے کردار کو سراہا۔
آخر میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ روس اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوستانہ تعلقات مختلف شعبوں میں تیزی سے فروغ پا رہے ہیں۔