خلاصہ
- ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا ہے کہ ایران کو دیگر ممالک کی طرح اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
ماسکو میں ایک بریفنگ کے دوران ماریہ زخارووا نے کہا کہ ایران، ہمسایہ عرب ممالک اور دیگر علاقوں میں شہری اہداف اور بنیادی ڈھانچے پر حملے ناقابل قبول ہیں۔
انہوں نے امریکہ اور اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کے خلاف جارحیت بند کریں اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے زور دیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع میں شامل تمام فریقین کو عقل و دانش اور تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، دوہرے معیار ترک کرنے چاہئیں اور جلد از جلد کشیدگی ختم کرنے کی کوششیں شروع کرنی چاہئیں۔
ماریہ زخارووا نے کہا کہ روس مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
ان کے مطابق روس خلیجی خطے میں مشترکہ اور ناقابل تقسیم سلامتی کے اپنے تصور کو فروغ دیتا رہے گا تاکہ خطے کے تمام ممالک کے مفادات کا احترام یقینی بنایا جا سکے۔