ٹرمپ کی آبنائے ہرمز کھلوانے کی اپیل پر دنیا خاموش، برطانیہ، فرانس، جاپان اور آسٹریلیا کا انکار

ٹرمپ کی آبنائے ہرمز کھلوانے کی اپیل پر دنیا خاموش، برطانیہ، فرانس، جاپان اور آسٹریلیا کا انکار

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ٹرمپ کا دعویٰ رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے کسی سے مذاکرات کے لیے رابطہ نہیں کیا، ایران سعودی عرب پر حملوں میں ملوث نہیں، امریکا کے لوکس ڈرون ایرانی ڈرون شاہد کی نقل ہیں، وہی عرب ممالک کو نشانہ بنا رہے ہیں، امریکا نے ایرانی دعوے کی تردید کی ہے۔

مشرق وسطیٰ کی جنگ میں سولہ روز کے دوران 1444 ایرانی اور 850 لبنانی شہید ہو چکے ہیں جن میں بڑی تعداد میں بچے اور عورتیں شامل ہیں، ہزاروں افراد زخمی ہیں جبکہ ایران میں 36 ہزار رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

سعودی فورسز کا درجنوں ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ

سعودی فورسز نے آج درجنوں ڈرونز مارگرائے، سعودی وزارت دفاع کے مطابق صبح سے اب تک ڈرون حملوں کی تین لہروں کا سامنا کیا۔

سعودی وزارت دفاع کا کہنا ہےکہ پہلی لہر میں پانچ،دوسری لہرمیں چھ اور تیسری لہر میں تئیس ڈرونز کو فضا میں تباہ کیا گیا،سعودی فضائی حدود میں آج تباہ کیے گئے ڈرونز کی تعداد ساٹھ ہوگئی۔

آبنائے ہرمز کھلوانے میں مدد نہ کی تو نیٹو کا مستقبل بہت برا ہوگا، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر نیٹو نے آبنائے ہرمز کھلوانے میں مدد نہ کی تو نیٹو کا مستبقل بہت برا ہوگا، ہم ایران سے بات کر رہے ہیں لیکن مجھے نہیں لگتا کہ وہ تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق 7 ممالک سے بات چیت‏ کررہے ہیں، ان سے آبنائے ہرمز کی حفاظت میں مدد کا مطالبہ‏ کرتے ہیں۔

برطانوی اخبار کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ رواں ماہ کے آخر میں چین کے صدر سے طے شدہ ملاقات تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے۔

بغداد ائیرپورٹ کمپلیکس پر میزائل اور ڈرون حملہ

عراق کے دارالحکومت بغداد کے ائیرپورٹ کمپلیکس کو راکٹ اور ڈرون سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع نے الجزیرہ کو بتایا کہ بغداد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب واقع ایک لاجسٹک سپورٹ کیمپ پر ڈرون حملہ کیا گیا، اسی علاقے کو 5 راکٹوں سے بھی نشانہ بنایا گیا۔حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات اور نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اسرائیل کا جنوبی لبنان میں فضائی حملہ، 5 افراد جاں بحق

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنان کے ضلع جزین میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔

ایجنسی نے بتایا کہ یہ حملہ ضلع جزین کے علاقے قطرانی میں کیا گیا، جہاں ہلاکتوں کے ساتھ ساتھ متعدد افراد کو مختلف نوعیت کے زخم آئے۔

رپورٹ کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

ابھی 10 سال پہلےتیارکیے گئےمیزائل استعمال کررہے ہیں: ایرانی پاسداران انقلاب

ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نےکہاتھا ایرانی بحریہ کو تباہ کردیا، ٹرمپ ہمت کریں خلیج میں امریکی نیوی بھیجیں۔

ترجمان کے مطابق ابھی 10 سال پہلے تیارکیے گئے میزائل استعمال کررہے ہیں، جون 2025 کے بعد تیار میزائل استعمال میں نہیں لائے۔

ایپسٹین کی باقیات نے نائن الیون جیسے واقعہ کی سازش کر رہی ہے: علی لاریجانی

ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ایپسٹین ٹیم کی باقیات نے نائن الیون جیسا واقعہ کرنے اور الزام ایران پر لگانے کی سازش تیار کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ کو ری پوسٹ کرتے ہوئے علی لاریجانی نے لکھا کہ ایران بنیادی طور پر ایسے دہشت گرد منصوبوں کا مخالف ہے، ایران کی جنگ امریکی عوام کے ساتھ نہیں ہے۔

ڈرون سے دبئی ایئر پورٹ پر پروازیں معطل

دبئی میں حکام نے ڈرون سے متعلقہ واقعہ کے بعد مسافروں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حکام کے مطابق ’ڈرون سے متعلقہ واقعے‘ کے بعد لگنے والی آگ پر ردعمل دے رہے ہیں جس کی وجہ سے ایک فیول ٹینک متاثر ہوا ہے، مسافروں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ پروازوں سے متعلق معلومات کے لیے ایئر لائنز سے رابطہ کریں، دبئی ایئر پورٹ کا شمار دُنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں ہوتا ہے، 2025 میں اس کے ذریعے نو کروڑ مسافروں نے سفر کیا تھا۔

کویت میں امریکی، اطالوی فوجی اڈے پر حملہ، ریموٹ کنٹرول طیارہ تباہ

اطالوی چیف آف ڈیفنس جنرل لوسیانو نے ایک بیان میں کہا کہ آج صبح علی السالم بیس کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا، حملے میں اطالوی ٹاسک فورس ایئر کا ریموٹ کنٹرول طیارہ تباہ ہو گیا۔

انہوں نے بتایا کہ حملے میں تمام اہلکار محفوظ ہیں اور کسی کو نقصان نہیں پہنچا، حالیہ دنوں میں علاقے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر ٹی ایف اے کی نقل و حرکت کو محدود کر دیا گیا ہے۔

امریکی اپیل پر دنیا خاموش

امریکا کے معاشی اتحادی جاپان نے بھی آبنائے ہرمز میں اپنے بحری جہاز بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔

جاپانی حکمراں جماعت کے پالیسی چیف نے کہا کہ خطے میں بہت بڑی دہلیز پار ہوئی تبھی جاپانی بحری جہاز آبنائے ہرمز بھیجے جا سکیں گے۔

آسٹریلیا نے بھی آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے بحری جہاز بھیجنے سے انکار کردیا، آسٹریلوی وزیر نے کہاکہ آسٹریلیا مشرق وسطیٰ کے مشن میں حصہ نہیں لے رہا۔

چین بھی ٹرمپ کے مطالبے پر خاموش ہوگیا، واشنگٹن میں چینی سفارت خانے نے کہا کہ چین متعلقہ فریقین سے رابطے مؤثر بنانے پر کام کر کے تعمیری کردار ادا کرے گا۔

برطانوی وزیر توانائی ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ ہم آبنائے ہرمز کھلی رکھنے کے لیے امریکا اور دیگر اتحادیوں سے بات چیت کر رہے ہیں، ہو سکتا ہے ہم بارودی سرنگیں تلاش کرنے والے ڈرون بھیج دیں۔

برطانوی اخبار کے مطابق برطانیہ نے بھی آبنائے ہرمز کے لیے بحری جنگی جہاز بھیجنے سے صاف انکار کیا، برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے بھی امریکی صدر کو نہ کر دی۔

اس کے علاوہ جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ ہم نے ٹرمپ کی اپیل پڑھ لی ہے، مشرق وسطیٰ کی صورت حال کا قریبی سے جائزہ لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ فرانس خطے میں اپنے بحری جہاز بھیجنے سے پہلے ہی انکار کر چکا ہے۔