رومانیہ میں روسی قونصل خانے کی بندش پر ماسکو کا سخت ردعمل، جوابی اقدامات کا اعلان

رومانیہ میں روسی قونصل خانے کی بندش پر ماسکو کا سخت ردعمل، جوابی اقدامات کا اعلان

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے اپنے بیان میں کہا کہ رومانیہ کے غیر دوستانہ اقدامات کا جواب ضرور دیا جائے گا اور اس حوالے سے مخصوص جوابی اقدامات کی تیاری جاری ہے۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب رومانیہ کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ ایک ڈرون ملک کے شہر گالاتس میں ایک رہائشی عمارت کی چھت پر گر کر تباہ ہوا، رومانیہ نے اس واقعے کا ذمہ دار روس کو ٹھہراتے ہوئے روسی سفیر کو وزارت خارجہ طلب کیا اور ممکنہ سفارتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

بعد ازاں رومانیہ کے صدر نیکوشور دان نے سپریم ڈیفنس کونسل کے اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ کانستانتا میں روسی قونصل خانے کو بند کیا جائے گا جبکہ روسی قونصل جنرل کو ناپسندیدہ شخصیت (پرسونا نان گراٹا) قرار دیا جائے گا۔

ماریہ زاخارووا نے رومانیہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک ڈرون واقعے کو غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں، ان کے مطابق اس مہم کا مقصد یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی پر عائد ان الزامات سے توجہ ہٹانا ہے جن میں روسی حکام نے اسٹاروبیلسک میں بچوں کی ہلاکت کا ذمہ دار یوکرین کو قرار دیا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ رومانیہ کے فیصلے سے دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ ماسکو جلد اپنے جوابی اقدامات کا اعلان کرے گا۔