ایران کے ساتھ معاہدے پر اتوار کو دستخط ہوں گے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

ایران کے ساتھ معاہدے پر اتوار کو دستخط ہوں گے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

سوشل ٹروتھ پر جاری اپنے ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دستخط ہوتے ہی آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی۔

اُن کا کہنا تھا جب سکون ہوجائے گا تو مناسب وقت پر جاکر جوہری مواد کی باقیادت حاصل کرلیں گے۔

امریکی صدر نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ان کی انتظامیہ کے ماضی کی امریکی حکومتوں کے مقابلے میں ایران کے ساتھ زیادہ بہتر تعلقات ہیں۔

ایران پر حملوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے ہرجانے کے معاملے پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے تحت ایران کو کسی قسم کی مالی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے یہ دعویٰ  بھی کیا کہ ایران اب جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا خواہش مند نہیں ہے اور وہ اب ان ہتھیاروں کی خریداری، تیاری یا کسی اور ذریعے سے حاصل کرنے کی کوشش بھی نہیں کر سکے گا۔

واضح رہے امریکی صدر دو روز قبل بھی یہ دعویٰ کر چکے ہیں  کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات اہم مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مجوزہ معاہدے کی دستاویزات تقریباً حتمی شکل اختیار کر چکی ہیں۔