وینزویلا میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 1430 ہوگئی، ہزاروں افراد لاپتا

وینزویلا میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 1430 ہوگئی، ہزاروں افراد لاپتا

خبر ایجنسی کے مطابق زلزلوں میں اب تک 3 ہزار 238 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، وینزویلا کی قومی اسمبلی کے صدر جارج روڈریگیز نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کی تصدیق کی ہے۔

حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تقریباً 50 ہزار افراد لاپتا ہیں، ملبے تلے دبے افراد کے لیے زندگی کی امید گولڈن ونڈو کا راستہ ہر لمحے بند ہو رہا ہے، گولڈن ونڈو کی اصطلاح ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں ابتدائی 72 گھنٹوں کے لیے استعمال کی جاتی ہے ، جس کے دوران ملبے تلے دبے افراد کے بچنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہيں۔

وینزویلا کے زلزلے کو 72 گھنٹے سے زائد ہوچکے ہیں تاہم ابھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، ساحلی ریاست لا گوئیرا میں ملبے سے دو خواتین کو زندہ نکال لیا گیا۔

وینزویلا کی قائم مقام صدر نے امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ریاست لا گوئیرا کو فوجی کنٹرول میں دینےکا اعلان کیا ہے، متاثرہ علاقوں میں فیلڈ ہسپتال بھی قائم کیا گیا ہے۔

امریکا، کولمبیا، چلی، میکسیکو، اسپین، فرانس، چین، بھارت اور دیگر ممالک نے وینزویلا کے لیے امدادی سامان، طبی عملہ اور خصوصی ریسکیو ٹیمیں روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔