خلاصہ
- واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے ایران سے جوہری معاہدے کی امید ظاہر کر دی، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات انتہائی مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور انہیں کامیاب ہونے کا بھرپور موقع دیا جائے گا۔
اپنے بیان میں جے ڈی وینس نے کہا کہ معاہدے کے لیے ایک واضح ہدف مقرر ہے، تاہم پیش رفت کا انحصار ایران کے اقدامات پر بھی ہوگا، انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت ہے کہ ایران کے ساتھ نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری رکھا جائے۔
امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ اب تک حاصل ہونے والی پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لیے کوششیں جاری ہیں، جوہری پروگرام پر جلد تفصیلی مذاکرات کا آغاز بھی متوقع ہے، ان کے مطابق ابتدائی بات چیت حوصلہ افزا رہی ہے۔
جے ڈی وینس نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے اپنے جوہری پروگرام کو دوبارہ بحال کیا یا بحری جہازوں کو نشانہ بنایا تو امریکا اپنی حکمت عملی تبدیل کر دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے بعد امریکا نے بمباری کی، جبکہ آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمدورفت یقینی بنانے کے لیے دباؤ کی حکمت عملی اختیار کی گئی۔