خلاصہ
- تہران: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) ایران نے میزائل اور ڈرونز کے ذریعے دشمن کے اڈوں کے خلاف ایک آپریشن کا اعلان کیا ہے جس میں اس نے اردن، عمان، کویت اور بحرین میں اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
بحرین کی وزارت داخلہ کے مطابق سائرن بجائے گئے ہیں اور لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پُرسکون رہیں اور قریب ترین محفوظ مقام کی طرف چلے جائیں۔
کویتی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فضائی دفاعی نظام ملک کی فضائی حدود کے اندر ’دشمن کے فضائی حملوں‘ کا مقابلہ کر رہا ہے۔
اس نے کہا کہ سنے جانے والے کسی بھی دھماکے کی آواز فضائی دفاعی نظام کی جانب سے حملوں کو ناکام بنانے کی کارروائی کا نتیجہ ہے، اور عوام سے اپیل کی کہ وہ حفاظتی اور سکیورٹی ہدایات پر عمل کریں۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ان کارروائیوں کے بعد اردن کے شہزادہ حسن ایئر بیس پر ایندھن کے ٹینکوں اور اسلحہ ڈپوؤں میں آگ لگ گئی ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا کہ اردن میں واقع اس تنصیب پر حملہ ایرانی ساحلی اڈوں پر امریکی حملوں کے جواب میں اس کی کارروائی کے پہلے مرحلے کا حصہ تھا، اس نے خبردار کیا کہ جوابی آپریشن جاری ہے۔
پاسداران انقلاب کا کا کہنا ہے کہ اس کی ایرو سپیس فورسز نے بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس کو بھی نشانہ بنایا، وہاں ہیلی کاپٹروں کی نگرانی کے لیے قائم تنصیب، جس کے ہینگر میں پی ایٹ طیارہ موجود تھا، اور امریکی ڈرون کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ پاسداران انقلاب نے کویت میں دو فضائی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا، یہ دعوے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں کہ جب خطے میں ایران اور امریکہ کے درمیان جوابی حملوں کا سلسلہ مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔
پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ کویت میں علی السالم اور احمد الجابر ایئربیسز پر میزائل حملے کیے، علی السالم ایئربیس پر ایندھن کے ذخائر اور پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر تباہ کر دیے، احمد الجابر ایئربیس پر نصب اسٹریٹجک ایف پی ایس ریڈار سسٹم بھی حملے میں تباہ کر دیا، کارروائی آنکھ کے بدلے آنکھ آپریشن کے تیسرے مرحلے کے تحت کی گئی۔
ایرانی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ آپریشن ان مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا جن کی نشاندہی گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران دشمن کی نقل و حرکت کی نگرانی کے بعد کی گئی تھی۔
ایک بیان میں پاسداران انقلاب نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں اس کی بحری کارروائی میں دو جہازوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، اس نے ان پر ٹریکنگ نظام بند کرنے، جہازرانی کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے اور بحری سلامتی کے لیے خطرہ بننے کا الزام عائد کیا۔
ایران کے پاسداران انقلاب نے جوابی کارروائی کے پانچویں مرحلے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ عمان میں ایف پی ایس (FPS) طویل فاصلے تک نگرانی کرنے والے فضائی ریڈار اور جہازوں کی نگرانی کے ریڈار کو بھی نشانہ بنایا گیا، اور یہ کہ عمان کے ریڈار تباہ کر دیے گئے ہیں۔
پاسداران انقلاب نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو بحری آمد و رفت کے لیے کھلا رکھنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ امریکہ اس آبنائے میں اپنی فوجی مداخلت ختم کرے اور ساحلی ممالک کی اپنی سمندری حدود پر خودمختاری کا احترام کرے، اگر یہ مداخلت جاری رہی تو عالمی تیل اور گیس کے شعبے میں مزید سنگین واقعات پیش آ سکتے ہیں۔