امریکا کے مسلسل 13 ویں رات ایران پر حملے، کئی شہروں میں دھماکے، 4 افراد جاں بحق

امریکا کے مسلسل 13 ویں رات ایران پر حملے، کئی شہروں میں دھماکے، 4 افراد جاں بحق

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق صبح ایران کے جن علاقوں سے دھماکوں اور فضائی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ان میں بندر عباس، اہواز، امیدیہ، جاسک، قشم، اندیمشک، خرم آباد، خنداب، بروجرد، فیروزآباد، تفت اور نائین شامل ہیں۔

امریکی فوج کی مرکزی کمان سینٹکام کی جانب سے امریکی فضائی حملوں کے اختتام کے اعلان کے کچھ دیر بعد جنوبی ایرانی شہر اہواز کے حکام نے بتایا کہ ان حملوں میں چار افراد ہلاک جبکہ پانچ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق بندر عباس شہر پر امریکی میزائل حملوں کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

صوبۂ ہرمزگان کی ہلالِ احمر سوسائٹی کے سربراہ کے مطابق یہ دونوں افراد تپہ اللہ اکبر نامی علاقے میں ہونے والے حملوں کے نتیجے میں زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل ایران کی وزارتِ صحت کے اطلاعاتی مرکز کے سربراہ حسین کرمان پور نے جمعرات کو بتایا تھا کہ امریکی فضائی حملوں کے دوبارہ آغاز کے بعد سے 55 افراد ہلاک جبکہ 629 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

اس سے قبل امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) نے بتایا کہ اس نے مسلسل 13ویں رات ایران پر حملے کیے ہیں، ان حملوں میں ایرانی فوج کے کمانڈ مراکز، ڈرون ذخیرہ کرنے کی تنصیبات، مواصلاتی نیٹ ورکس، ساحلی نگرانی کی تنصیبات اور ایرانی بحری صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا۔

امریکی فوج کے مطابق ان حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کے لیے ایران سے لاحق خطرے کو مزید کم کرنا ہے۔

سینٹکام کا دعویٰ ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کی حالیہ کارروائیوں کے باوجود آبنائے ہرمز جہاز رانی کے لیے کھلی ہوئی ہے اور امریکی فوج کی معاونت کے ساتھ تجارتی جہاز بدستور آبنائے ہرمز سے آزادانہ طور پر گزر رہے ہیں۔