خلاصہ
- واشنگٹن:(دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کے ساتھ تجارتی کشیدگی میں مزید اضافہ کرتے ہوئے یکم جنوری 2027 سے کینیڈا کی گاڑیوں، آٹو پارٹس اور سٹیل پر 50 فیصد درآمدی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کردیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں کینیڈین حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کینیڈا کئی سال سے امریکا کو تجارتی معاملات میں نقصان پہنچا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈا کی جانب سے امریکی کسانوں اور زرعی مصنوعات پر عائد زیادہ ٹیکسز کے باعث امریکی کسان مشکلات کا شکار ہیں۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ کینیڈا کے تجارتی اقدامات کے نتیجے میں امریکا کو سالانہ تقریباً 60 ارب ڈالر کا خسارہ برداشت کرنا پڑ رہا ہے، جسے وہ مزید قابل قبول نہیں سمجھتے۔
ٹرمپ نے کہا کہ کینیڈا کی جانب سے امریکی مصنوعات پر زیادہ ٹیکس عائد کیے جانے نے امریکی کسانوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یکم جنوری 2027 سے کینیڈا سے درآمد ہونے والی تمام گاڑیوں، ٹرکوں، آٹو پارٹس اور اسٹیل پر ٹیرف بڑھا کر 50 فیصد کردیا جائے گا، جبکہ امریکا میں تیار ہونے والی گاڑیوں پر یہ ٹیرف عائد نہیں ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو کینیڈا کی ضرورت نہیں، بلکہ کینیڈا کو امریکا کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اب کینیڈا کو مزید تجارتی رعایتیں دینے کے لیے تیار نہیں۔
واضح رہے امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی مذاکرات ناکام ہونے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، امریکا پہلے ہی 22 اگست سے کینیڈا کی تقریباً 20 ارب ڈالر کی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرچکا ہے، جبکہ کینیڈا نے بھی امریکی مصنوعات پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔