حوثیوں کا سعودی عرب پر ڈرون حملہ، ایک شہری جاں بحق، پاکستانی سمیت 2 زخمی

حوثیوں کا سعودی عرب پر ڈرون حملہ، ایک شہری جاں بحق، پاکستانی سمیت 2 زخمی

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی سول ڈیفنس کے ترجمان نے بتایا کہ واقعہ جمعرات کو طائف گورنری میں پیش آیا، جہاں حوثیوں کے ڈرون کو فضا میں ہی روک کر تباہ کردیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ڈرون کے ٹکڑے طائف شہر کے مختلف مقامات پر گرے، جس کے نتیجے میں گھروں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے میں ایک یمنی شہری جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔

زخمیوں میں ایک سعودی خاتون اور ایک پاکستانی شہری شامل ہیں، دونوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پاکستانی شہری کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

سعودی حکام کے مطابق ڈرون حوثیوں نے سرحدی علاقے سے لانچ کیا تھا اور اس کا رخ طائف شہر کی جانب تھا، تاہم سعودی فضائی دفاع نے اسے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک لیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون فضا میں تباہ ہونے کے باوجود اس کے ملبے کے شہری آبادی میں گرنے سے جانی و مالی نقصان ہوا۔