خلاصہ
- تہران: (دنیا نیوز) جنگ کے نتیجے میں بے گھر ہونیوالے لبنانیوں کی مدد کیلئے حزب اللہ کو ایران سے 20 کروڑ ڈالر موصول ہوئے ہیں۔
رائٹرز نے کہا ہے کہ رواں سال اسرائیل کے ساتھ جنگ کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے لبنانی شہریوں کی مدد کے لیے حزب اللہ کو ایران سے 20 کروڑ ڈالر کی رقم موصول ہوئی ہے۔
ذرائع نے بتایا ایران پر امریکا کی جانب سے معاشی پابندیاں سخت کیے جانے اور حزب اللہ تک فنڈز پہنچانے میں بڑھتی ہوئی مشکلات کے باوجود، حزب اللہ کو یہ رقم گزشتہ ماہ موصول ہوئی تھی۔
خبررساں ایجنسی نے بتایا کہ رقم منتقل کرنے والے ثالثوں نے اس کام کے لئے 20 فیصد فیس وصول کی جو اس گروپ کے ساتھ لین دین سے جڑے خطرات کی عکاسی کرتی ہے۔، ایک ذرائع کے مطابق یہ فیس معمول کی فیس سے چار گنا زیادہ ہے۔
حزب اللہ کے ایک عہدیدار نے رائٹرز کو فنڈز کے ذرائع کی تفصیلات بتائے بغیر صرف اتنا کہا کہ ایک مخصوص رقم کا بندوبست کر لیا گیا ہے اور آئندہ چند روز میں اسے مستحقین تک پہنچانے کے منصوبے کا اعلان کر دیا جائے گا۔
حزب اللہ ان فنڈز سے ابتدائی طور پر ہر خاندان کو 3 ہزار ڈالر ادا کرے گی اور اس میں ان لوگوں کو ترجیح دی جائے گی جن کے گاؤں تباہ ہو چکے ہیں یا اسرائیلی قبضے کی وجہ سے ان تک رسائی ممکن نہیں رہی، ایک ذرائع کے مطابق ان متاثرہ خاندانوں کی تعداد 50 ہزار ہے۔
حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے گزشتہ ماہ اپنی ایک تقریر میں کہا تھا کہ ان کا گروپ جلد ہی دستیاب وسائل اور عطیات کا استعمال کرتے ہوئے جنگ سے بے گھر ہونے والے ہزاروں افراد کو رہائش فراہم کرنے کے منصوبے میں اپنا حصہ ڈالے گا۔