خلاصہ
- تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے اپنی فضائیہ کی جنگی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے امریکا سے 12 جدید اپاچی جنگی ہیلی کاپٹر خریدنے کا معاہدہ کرلیا ہے۔
اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسرائیلی حکومت نے دفاعی خریداری کے لیے وزارتِ دفاع کو ایک ارب شیکل منتقل کرنے کی منظوری دی، جس کے بعد معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
معاہدے کے تحت اسرائیلی فضائیہ کو اے ایچ 64 ای اپاچی ہیلی کاپٹر فراہم کیے جائیں گے۔ یہ اپاچی ہیلی کاپٹر کا جدید ترین ماڈل ہے، جسے اسرائیلی حکام نے ملک کی دفاعی ضروریات کے لیے اہم قرار دیا ہے۔
اسرائیلی وزارتِ دفاع کے مطابق امریکی کمپنی بوئنگ یہ ہیلی کاپٹر فراہم کرے گی، جن کی ترسیل 2030 کی دہائی کے آغاز میں شروع ہونے کی توقع ہے۔
اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے معاہدے کو فوجی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئے ہیلی کاپٹر مختلف خطرات سے نمٹنے کے لیے اسرائیلی فوج کی عملی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں مدد دیں گے۔
اسرائیلی فضائیہ کے حکام کے مطابق ہیلی کاپٹروں کی خریداری کا فیصلہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملوں اور اس کے بعد غزہ میں ہونے والی لڑائی سے حاصل ہونے والے تجربات کی روشنی میں کیا گیا۔
اے ایچ 64 ای اپاچی جنگی ہیلی کاپٹر زمینی اہداف کو نشانہ بنانے، فوجی دستوں کو فضائی مدد فراہم کرنے اور مختلف فوجی کارروائیوں میں استعمال ہوتا ہے۔