ایران امریکا مذاکرات جاری، معاہدے کی امید ہے، قطری وزارت خارجہ

ایران امریکا مذاکرات جاری، معاہدے کی امید ہے، قطری وزارت خارجہ

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے بیان میں کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی رابطے دونوں فریقوں کی جانب سے جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی تفصیلات سامنے نہ آنا مثبت پیش رفت ہے، کیونکہ سفارتی کوششوں کی کامیابی کے لیے مذاکرات کو خفیہ رکھنا ضروری ہے۔

ماجد الانصاری نے خبردار کیا کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث حالات مزید مشکل ہوتے جا رہے ہیں، جبکہ بے قابو کشیدگی پورے خطے کو جنگ کی طرف دھکیل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ بندی مذاکرات کی منزل نہیں بلکہ اس کی جانب پہلا قدم ہے۔ یمن سمیت خطے کے تمام تنازعات میں بیک وقت کشیدگی کم کرنا ضروری ہے۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ اسرائیلی سیاسی بیانات خطے میں عدم استحکام بڑھا سکتے ہیں۔

انہوں نے سعودی عرب کی خودمختاری کے دفاع میں ریاض کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کے حملوں کے خلاف سعودی عرب کو اپنی خودمختاری کے دفاع کا حق حاصل ہے۔